حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ سے حجۃ الاسلام سید شفیع حیدر رضوی نے حجۃ الاسلام والمسلمین سید معصوم رضا واعظ کے فرزند محمد بریر کی نیٹ (NEET)کے امتحان میں نمایاں کامیابی پر مبارکبادی کا پیغام جاری کرتے ہوئے اس ترقی کو مولانا کی تربیت اور بے پناہ شفقتوں کی مرہون منت قرار دیا۔
انہوں نے سید معصوم رضا واعظ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آقا زادے کی تعلیمی ترقی اور قابل تعریف کامیابی پر تہ دل سے آپکو اور آپکی پوری فیملی کو تہنیت و تبریک پیش کرتے ہیں، یقینا یہ ترقی آپکی مخلصانہ تربیت اور بے پناہ مشقتوں کی مرہونِ مِنّت ہے۔
مولانا شفیع حیدر رضوی نے مزید کہا: صوبائی سطح پر قومی نمائندگی انحطاط کی شکار تھی، ایسے میں علمی میدان کو فتح کرنا اور ملکی پیمانے پر ارتقائی مراتب کو اپنی ذات سے منسوب کرنا ''ہمتِ مرداں، مدد خدا'' کی منہ بولتی تصویر ہے، یقینا آپکی یہ زحمت قوم پر احسان کا درجہ رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: عصر حاضر میں والدین کا تربیتی کردار پاکیزہ سماج کی تشکیل میں جہاد فی سبیل اللہ سے کم نہیں ہے،خدا آپکی اس مدیریت کو آپ کی اولادوں پر تا دیر قائم و دائم رکّھے۔
حجۃ الاسلام سید شفیع حیدر رضوی نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا: ہزاروں دلی دعاؤں کے ساتھ کریمۂ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ کی بارگاہ میں بریر سلمہ اور آپ سب کا سلام عقیدت پیش کر رہا ہوں۔